بھٹکل:12/جنوری (ایس او نیوز)ہوناور زرعی مارکیٹ کمیٹی (APMC) کےلئے 12جنوری بروز جمعرات کو منعقد ہوئے انتخابات میں بھٹکل میں بہت ہی کم یعنی صرف 16.65فی صدی ووٹنگ درج کی گئی ہے ۔ اس طرح اے پی ایم سی انتخابات کے لئے بھٹکل کے ووٹروں کی جانب سے کم توجہ دینے کی بات کہی جارہی ہے۔
تعلقہ کے مختلف ووٹنگ بوتھ پر مختلف پارٹیوں کے لیڈران، کارکنان زیادہ بھاگ دوڑ کرتے نظر آئے، لیکن رائے دہندگان میں کوئی دلچسپی نہیں دیکھی گئی ۔ دوپہر 2بجے تک صرف 9.80فی صد ووٹنگ ہوئی تھی اس کے بعد تھوڑی سی سرگرمی دیکھی گئی، ووٹنگ کے آخری اوقات شام 5بجے تک کل 21فی صد ووٹنگ درج کی گئی ۔ خیال رہے کہ بھٹکل میںکل 57696رائے دہندگان کو ووٹنگ کا حق حاصل تھا۔جس میں سے صرف 9604 ووٹروں نے ہی اپنی رائے دہی کا استعمال کیا۔ بھٹکل تعلقہ کے منکی، ماولی ، شرالی ، مٹھلی سمیت ہرایک مقام پر 2ممبران کو منتخب کرناتھا۔ جس کے لئے منکی میں 10،ماولی میں 20، شرالی میں 17،مٹھلی میں 27ووٹنگ بوتھوں کا انتظام کیا گیا تھا، انتخابات کے لئے 296سرکاری ملازمین کو نامزد کیا گیا تھا۔ 90 سے زائد پولس عملے کو حفاظتی انتظامات کے لئے تعینات کیا گیا تھا۔
تحصیلدار دفتر سے دی گئی جانکاری کے مطابق بھٹکل حلقہ میں سب سے زیادہ پولنگ ہاڈولی گرام پنچایت میں ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم پولنگ نیو انگلش اسکول میں ہوئی۔ ہاڈولی میں 36.67 فیصد پولنگ اور نیو انگلش ہائی اسکول میں 0.11 فیصد ہی پولنگ ہوئی۔دی گئی اطلاع کے مطابق نیو انگلش اسکول کےپولنگ بوتھ میں جملہ 941 ووٹروں میں صرف ایک شخص نے ووٹ ڈالا۔ جبکہ ہاڈولی میں جملہ 870 ووٹروں میں 319 لوگوں نے پولنگ میں حصہ لیا۔